دالیاس ایک چھوٹا ہسپانوی عام قصبہ ہے جو کہ المیریہ سے47 کلومیٹر دور جنوبی سپین میں واقع ہے۔ یہ اپنی خوبصورتی، جوشیلے ماحول اور دوستانہ لوگوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے، لیکن ان سب میں جو چیز دالیاس کو ایک منفرد اور یادگار جگہ بناتی ہے وہ “مقدس فادر حوسے ماریا روبیو” کی وہاں پر پیدائش ہے۔
دالیاس نامی اس چھوٹے سے قصبے کو خدا نے بہت سی برکتوں اور نعمتوں سے نوازہ ہے کیونکہ یہاں ایک غیر معمولی مقدس شخصیت کی آمد ہوئی اور یہ قصبہ ہمیشہ کے لئے یادگار بن گیا۔
مقدس فادر حوسے ماریا روبیو، جو کہ سوسائٹی آف جیزز سے تعلق رکھتے ہیں، اُنہوں نے اپنی زندگی میں کئی ایسے کارنامے سرانجام دیے، جس کے سبب سے میڈرڈ کے بشپ “لیوپولدو ایحوئی گارائے” نے اُنہیں “میڈرڈ کا رسول” کا خطاب دیا۔ ویٹیکن نے 1985 میں ان کی سعادت ابدی کی اور “پاپائے روم جان پال 2” نے 4 مئی 2003 کو ایک پر وقار تقریب کے دوران اُنہیں مقدس قرار دیا۔ یہ تقریب میڈرڈ میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں منقد ہوئی جن میں دالیاس کے شہریوں کا ایک فخریہ گروپ بھی شامل تھا۔
غریبوں کے لئے ان کی خدمات نے انسانیت پر ہمیشہ کے لئے ایک گہرا اثر چھوڑ دیا ہے اور ان کا کھوئی ہوئی بھیڑوں کو خدا کی طرف راغب کرنا ہمارے لئے ایک عظیم مثال ہے جو ہمیں زندگی کے اصل مقصد کے بارے میں بتاتی ہے۔
اگر آپ کو ابھی تک مقدس فادر حوسے ماریا روبیو کے بارے میں جاننے کا موقع نہیں ملا تو ہماری یہ تجویز ہے کہ آپ دالیاس کے خوبصورت علاقے کی طرف جائیں جہاں آپ مقدس فادر حوسے ماریا روبیو کے میوزیم کا دورہ کر سکتے ہیں جس کے ذریعے آپ ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں جیسے ان کا خاندان، ان کا بچپن، خدا کی راہ میں ان کی خدمات، دوسروں کا ان کے بارے میں نظریہ۔ اس میوزیم میں ان کی کئی ذاتی چیزیں موجود ہیں جن سے ہمیں یہ معلوم ہوتا ہے کہ کیسے انہوں نے ایک سادہ اور خدائی زندگی گزاری۔
یہاں آپ مقدس فادر حوسے ماریا روبیو کی پیدائش کی جگہ کا دورہ بھی کر سکتے ہیں اور چند ہی فاصلے پر آپ ان کا وہ گھر دیکھ سکتے ہیں جہاں پر وہ پلے بڑھے اور اپنی جوانی تک کی زندگی گزاری۔ اس کے بعد وہ المیریہ کی سیمینری کے لئے نکل گئے۔ قصبے کے بیچ و بیچ “امبروکس کی مقدس ماریا” نامی ایک گرجاگھر ہے جہاں پر مقدس فادر حوسے ماریا روبیو کو بپتسمہ دیا گیا تھا۔ اس گرجاگھر اور وہاں کے پورے علاقے پر فادر روبیو اور ان کی زندگی کا آج بھی بڑا گہرا اثر ہے۔
دالیاس کے لوگ اس حقیقت پر انتہائی فخر محسوس کرتے ہیں کہ مقدس فادر حوسے ماریا روبیو جیسے خدا کے بندے اس قصبے میں پیدا ہوئے اور یہاں اپنی زندگی گزاری۔
مقدس فادر حوسے ماریا روبیو! آپ کے ایمان اور نظریات کی یادیں ہمارے ساتھ ہمیشہ رہیں گی۔ آمین!