1۔ آؤ ہم خُداوند کے حضُور نغمہ سرائی کریں!
اپنی نجات کی چٹان کے سامنے خُوشی سے للکاریں۔
2۔ شُکرگُزاری کرتے ہُوئے اُس کے حضُور میں حاضِر ہوں۔
مزمُور گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی سے للکاریں۔
3۔ کیونکہ خُداوند خُدایِ عظیِم ہے
اور سب اِلٰہوں پر شاہِ عظیِم ہے۔
4۔ زمِین کے گہراؤ اُس کے قبضہ میں ہیں۔
پہاڑوں کی چوٹِیاں بھی اُسی کی ہیں۔
5۔ سمُندر اُس کا ہے۔ اُسی نے اُس کو بنایا
اور اُسی کے ہاتھوں نے خُشکی کو بھی تیّار کِیا۔
6۔ آؤ ہم جُھکیں اور سِجدہ کریں!
اور اپنے خالق خُداوند کے حضُور گُھٹنے ٹیکیں۔
7۔ کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے
اور ہم اُس کی چراگاہ کے لوگ اور اُس کے ہاتھ کی بھیڑیں ہیں۔
کاش کہ آج کے دِن تُم اُس کی آواز سُنتے!
8۔ تُم اپنے دِل کو سخت نہ کرو جَیسا مرِؔیبہ میں
جَیسا مسّؔاہ کے دِن بیابان میں کِیا تھا۔
9۔ اُس وقت تُمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا
اور میرا اِمتحان کِیا اور میرے کام کو بھی دیکھا۔
10۔ چالِیس برس تک مَیں اُس نسل سے بیزار رہا
اور مَیں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جِن کے دِل آوارہ ہیں
اور اُنہوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔
11۔ چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی
کہ یہ لوگ میرے آرام میں داخِل نہ ہوں گے۔
آمین!