October 15, 2024

اردو

زبور 94- خُدا سب کا انصاف کرنے والا ہے

خُدا سب کا انصاف کرنے والا ہے - خُدا کا تنبِیہ کرنا - Zaboor 94 - زبور 94

اَے خُداوند! اَے اِنتقام لینے والے خُدا!

اَے اِنتقام لینے والے خُدا! جلوہ گر ہو۔

اَے جہان کا اِنصاف کرنے والے! اُٹھ۔

مغرُوروں کو بدلہ دے۔

اَے خُداوند! شرِیر کب تک۔

شرِیر کب تک شادیانہ بجایا کریں گے؟

وہ بکواس کرتے اور بڑا بول بولتے ہیں۔

سب بدکردار لاف زنی کرتے ہیں۔

اَے خُداوند! وہ تیرے لوگوں کو پِیسے ڈالتے ہیں

اور تیری میِراث کو دُکھ دیتے ہیں۔

وہ بیوہ اور پردیسی کو قتل کرتے

اور یتِیم کو مار ڈالتے ہیں

اور کہتے ہیں کہ خُداوند نہیں دیکھے گا

اور یعقُوبؔ کا خُدا خیال نہیں کرے گا۔

اَے قَوم کے حَیوانو! ذرا خیال کرو!

اَے احمقو! تُمہیں کب عقل آئے گی؟

جِس نے کان دِیا کیا وہ خُود نہیں سُنتا؟

جِس نے آنکھ بنائی کیا وہ دیکھ نہیں سکتا؟

10۔ کیا وہ جو قَوموں کو تنبِیہ کرتا ہے

اور اِنسان کو دانِش سِکھاتا ہے سزا نہ دے گا؟

11۔ خُداوند اِنسان کے خیالوں کو جانتا ہے

کہ وہ باطِل ہیں۔

12۔ اَے خُداوند! مُبارک ہے وہ آدمی جِسے تُو تنبِیہ کرتا اور اپنی شرِیعت کی تعلیِم دیتا ہے۔

13۔ تاکہ اُس کو مُصِیبت کے دِنوں میں آرام بخشے۔

جب تک شرِیر کے لِئے گڑھا نہ کھودا جائے۔

14۔ کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کو ترک نہیں کرے گا

اور وہ اپنی میِراث کو نہیں چھوڑے گا۔

15۔ کیونکہ عدل صداقت کی طرف رجُوع کرے گا

اور سب راست دِل اُس کی پَیروی کریں گے۔

16۔ شرِیروں کے مُقابلہ میں کَون میرے لِئے اُٹھے گا؟

بدکرداروں کے خِلاف کَون میرے لِئے کھڑا ہوگا؟

17۔ اگر خُداوند میرا مددگار نہ ہوتا۔

تو میری جان کب کی عالمِ خاموشی میں جا بسی ہوتی۔

18۔ جب مَیں نے کہا میرا پاؤں پِھسل چلا

تو اَے خُداوند! تیری شفقت نے مُجھے سنبھال لِیا۔

19۔ جب میرے دِل میں فِکروں کی کثرت ہوتی ہے

تو تیری تسلّی میری جان کو شاد کرتی ہے۔

20۔ کیا شرارت کے تخت سے تُجھے کُچھ واسطہ ہوگا

جو قانُون کی آڑ میں بدی گھڑتا ہے؟

21۔ وہ صادِق کی جان لینے کو اِکٹھے ہوتے ہیں

اور بےگُناہ پر قتل کا فتویٰ دیتے ہیں۔

22۔ لیکن خُداوند میرا اُونچا بُرج

اور میرا خُدا میری پناہ کی چٹان رہا ہے۔

23۔ وہ اُن کی بدکاری اُن ہی پر لائے گا

اور اُن ہی کی شرارت میں اُن کو کاٹ ڈالے گا۔

خُداوند ہمارا خُدا اُن کو کاٹ ڈالے گا۔

آمین!

RELATED ARTICLES