1۔ اَے خُدا! تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں دِل سے تیرا طالِب ہُوں گا۔
خُشک اور پِیاسی زمِین میں جہاں پانی نہیں
میری جان تیری پِیاسی اور میرا جِسم تیرا
مُشتاق ہے۔
2۔ اِس طرح مَیں نے مَقدِس میں تُجھ پر نِگاہ کی
تاکہ تیری قُدرت اور حشمت کو دیکُھوں
3۔ کیونکہ تیری شفقت زِندگی سے بہتر ہے۔
میرے ہونٹ تیری تعرِیف کریں گے۔
4۔ اِسی طرح مَیں عُمر بھر تُجھے مُبارک کہُوں گا
اور تیرا نام لے کر اپنے ہاتھ اُٹھایا کرُوں گا۔
5۔ میری جان گویا گُودے اور چربی سے سیر ہوگی
اور میرا مُنہ مسرُور لبوں سے تیری تعرِیف کرے گا
6۔ جب مَیں بِستر پر تُجھے یاد کرُوں گا
اور رات کے ایک ایک پہر میں تُجھ پر دِھیان کرُوں گا
7۔ اِس لِئے کہ تُو میرا مددگار رہا ہے
اور مَیں تیرے پروں کے سایہ میں خُوشی مناؤُں گا۔
8۔ میری جان کو تیری ہی دُھن ہے۔
تیرا دہنا ہاتھ مُجھے سنبھالتا ہے
9۔ پر جو میری جان کی ہلاکت کے درپَے ہیں
وہ زمِین کے اسفل میں چلے جائیں گے۔
10۔ وہ تلوار کے حوالہ ہوں گے۔
وہ گیدڑوں کا لُقمہ بنیں گے
11۔ لیکن بادشاہ خُدا میں شادمان ہوگا۔
جو اُس کی قَسم کھاتا ہے وہ فخر کرے گا
کیونکہ جُھوٹ بولنے والوں کا مُنہ بند کر دِیا جائے گا۔
آمین!