September 20, 2024

اردو

زبور 62- فقط خُدا پر توکُل

فقط خُدا پر توکُل - خُدا ہمارا اُونچا بُرج ہے - Zaboor 62 - زبور 62

میری جان کو خُدا ہی کی آس ہے۔

میری نجات اُسی سے ہے۔

وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔

وُہی میرا اُونچا بُرج ہے۔ مُجھے زِیادہ جُنبِش نہ ہوگی۔

تُم کب تک اَیسے شخص پر حملہ کرتے رہو گے

جو جُھکی ہُوئی دِیوار اور ہِلتی باڑ کی مانِند ہے

تاکہ سب مِل کر اُسے قتل کرو؟

وہ اُس کو اُس کے مرتبہ سے گِرا دینے ہی کا مشوَرہ کرتے رہتے ہیں۔

وہ جُھوٹ سے خُوش ہوتے ہیں۔

وہ اپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہیں پر دِل میں لَعنت کرتے ہیں۔ (سِلاہ)

اَے میری جان! خُدا ہی کی آس رکھ

کیونکہ اُسی سے مُجھے اُمّید ہے۔

وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔

وُہی میرا اُونچا بُرج ہے۔ مُجھے جُنبِش نہ ہوگی۔

میری نجات اور میری شَوکت خُدا کی طرف سے ہے۔

خُدا ہی میری قُوت کی چٹان اور میری پناہ ہے۔

اَے لوگو! ہر وقت اُس پر توکُّل کرو۔

اپنے دِل کا حال اُس کے سامنے کھول دو۔

خُدا ہماری پناہ گاہ ہے۔ (سِلاہ)

یقیِناً ادنیٰ لوگ بےثبات ہیں اور اعلیٰ آدمی جُھوٹے۔

وہ ترازُو میں ہلکے نِکلیں گے۔

وہ سب کے سب بےثباتی سے بھی ہیچ ہیں۔

10۔ ظُلم پر تکیہ نہ کرو۔

لُوٹ مار کرنے پر نہ پُھولو۔

اگر مال بڑھ جائے تو اُس پر دِل نہ لگاؤ۔

11۔ خُدا نے ایک بار فرمایا۔ مَیں نے یہ دو بار سُنا

کہ قُدرت خُدا ہی کی ہے۔

12۔ شفقت بھی اَے خُداوند! تیری ہی ہے

کیونکہ تُو ہر شخص کو اُس کے عمل کے مُطابِق بدلہ دیتا ہے۔

آمین!

RELATED ARTICLES