November 22, 2024

اردو

زبور 50- حقیقی عِبادَت

حقیقی عِبادَت - خُدا کے حضور قُربانی دینا - Zaboor 50 - زبور 50

رب خُداوند خُدا نے کلام کِیا اور مشرِق سے مغرِب تک دُنیا کو بُلایا۔

صِیُّوؔن سے جو حُسن کا کمال ہے

خُدا جلوہ گر ہُؤا ہے۔

ہمارا خُدا آئے گا اور خاموش نہیں رہے گا۔

آگ اُس کے آگے آگے بھسم کرتی جائے گی

اور اُس کی چاروں طرف بڑی آندھی چلے گی۔

اپنی اُمّت کی عدالت کرنے کے لِئے وہ آسمان و زمِین کو طلب کرے گا

کہ میرے مُقدّسوں کو میرے حضُور جمع کرو

جِنہوں نے قُربانی کے ذرِیعہ سے میرے ساتھ عہد باندھا ہے

اور آسمان اُس کی صداقت بیان کریں گے

کیونکہ خُدا آپ ہی اِنصاف کرنے والا ہے۔ (سِلاہ)

اَے میری اُمّت سُن۔ مَیں کلام کرُوں گا

اور اَے اِسرائیؔل! مَیں تُجھ پر گواہی دُوں گا۔

خُدا۔ تیرا خُدا مَیں ہی ہُوں۔

مَیں تُجھے تیری قُربانِیوں کے سبب سے ملامت نہیں کرُوں گا

اور تیری سوختنی قُربانِیاں برابر میرے سامنے رہتی ہیں۔

نہ مَیں تیرے گھر سے بَیل لُوں گا

نہ تیرے باڑے سے بکرے

10۔ کیونکہ جنگل کا ایک ایک جانور

اور ہزاروں پہاڑوں کے چَوپائے میرے ہی ہیں۔

11۔ مَیں پہاڑوں کے سب پرِندوں کو جانتا ہُوں

اور مَیدان کے درِندے میرے ہی ہیں۔

12۔ اگر مَیں بُھوکا ہوتا تو تُجھ سے نہ کہتا

کیونکہ دُنیا اور اُس کی معمُوری میری ہی ہے۔

13۔ کیا مَیں سانڈوں کا گوشت کھاؤُں گا۔

یا بکروں کا خُون پِیؤُں گا؟

14۔ خُدا کے لِئے شُکرگُزاری کی قُربانی گُزران

اور حق تعالیٰ کے لِئے اپنی مَنّتیں پُوری کر

15۔ اور مُصِیبت کے دِن مُجھ سے فریاد کر۔

مَیں تُجھے چُھڑاؤُں گا اور تُو میری تمجِید کرے گا۔

16۔ لیکن خُدا شرِیر سے کہتا ہے

تُجھے میرے آئِین بیان کرنے سے کیا واسطہ اور تُو میرے عہد کو اپنی زُبان پر کیوں لاتا ہے؟

17۔ جبکہ تُجھے تربِیّت سے عداوت ہے

اور میری باتوں کو پِیٹھ پِیچھے پھینک دیتا ہے۔

18۔ تُو چور کو دیکھ کر اُس سے مِل گیا

اور زانِیوں کا شرِیک رہا ہے۔

19۔ تیرے مُنہ سے بدی نِکلتی ہے

اور تیری زُبان فریب گھڑتی ہے۔

20۔ تُو بَیٹھا بَیٹھا اپنے بھائی کی غِیبت کرتا ہے

اور اپنی ہی ماں کے بیٹے پر تُہمت لگاتا ہے۔

21۔ تُو نے یہ کام کِئے اور مَیں خاموش رہا۔

تُو نے گُمان کِیا کہ مَیں بِالکُل تُجھ ہی سا ہُوں

لیکن مَیں تُجھے ملامت کر کے اِن کو تیری آنکھوں کے سامنے ترتِیب دُوں گا۔

22۔ اب اَے خُدا کو بُھولنے والو! اِسے سوچ لو۔

اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُم کو پھاڑ ڈالُوں اور کوئی چُھڑانے والا نہ ہو۔

23۔ جو شُکرگُزاری کی قُربانی گُزرانتا ہے وہ میری تمجِید کرتا ہے

اور جو اپنا چال چلن درُست رکھتا ہے

اُس کو مَیں خُدا کی نجات دِکھاؤُں گا۔

آمین!

RELATED ARTICLES