1۔ اَے خُداوند کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ مُجھے بُھولا رہے گا؟
تُو کب تک اپنا چہرہ مُجھ سے چُھپائے رکھّے گا؟
2۔ کب تک مَیں جی ہی جی میں منصُوبہ باندھتا رہُوں
اور سارے دِن اپنے دِل میں غَم کِیا کرُوں؟
کب تک میرا دُشمن مُجھ پر سربُلند رہے گا؟
3۔ اَے خُداوند میرے خُدا! میری طرف توجُّہ کر
اور مُجھے جواب دے۔
میری آنکھیں روشن کر۔ اَیسا نہ ہو کہ مُجھے مَوت کی نِیند آ جائے۔
4۔ اَیسا نہ ہو کہ میرا دُشمن کہے کہ مَیں اِس پر غالِب آ گیا۔
نہ ہو کہ جب مَیں جُنبِش کھاؤُں تو میرے مخالِف خُوش ہوں۔
5۔ لیکن مَیں نے تو تیری رحمت پر توکُّل کِیا ہے۔
میرا دِل تیری نجات سے خُوش ہوگا۔
6۔ مَیں خُداوند کا گِیت گاؤُں گا
کیونکہ اُس نے مُجھ پر اِحسان کِیا ہے۔
آمین!