1۔ اِسرائیؔل اب یُوں کہے
اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے بار بار ستایا۔
2۔ ہاں اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے بار بار ستایا
تَو بھی وہ مُجھ پر غالب نہ آئے۔
3۔ ہلواہوں نے میری پِیٹھ پر ہل چلائے
اور لمبی لمبی ریگھارِیاں بنائِیں۔
4۔ خُداوند صادِق ہے۔
اُس نے شرِیروں کی رسِّیاں کاٹ ڈالِیں۔
5۔ صِیُّوؔن سے نفرت رکھنے والے
سب شرمِندہ اور پسپا ہوں۔
6۔ وہ چھت پر کی گھاس کی مانِند ہُوں
جو بڑھنے سے پہلے ہی سُوکھ جاتی ہے۔
7۔ جِس سے فصل کاٹنے والا اپنی مُٹّھی کو
اور پُولے باندھنے والا اپنے دامن کو نہیں بھرتا
8۔ نہ آنے جانے والے یہ کہتے ہیں
کہ تُم پر خُداوند کی برکت ہو۔
ہم خُداوند کے نام سے تُم کو دُعا دیتے ہیں۔
آمین!