January 15, 2025

اردو

زبور 42- جلاوطن آدمی کی پُکار

جلاوطن آدمی کی پُکار - خُدا دِن اور رات ہماری حفاظت کرتا ہے - Zaboor 42 - زبور 42

جَیسے ہرنی پانی کے نالوں کو ترستی ہے

وَیسے ہی اَے خُدا! میری رُوح تیرے لِئے ترستی ہے۔

میری رُوح خُدا کی۔ زِندہ خُدا کی پیاسی ہے۔

مَیں کب جا کر خُدا کے حضُور حاضر ہُوں گا؟

میرے آنسُو دِن رات میری خُوراک ہیں۔

جِس حال کہ وہ مُجھ سے برابر کہتے ہیں تیرا خُدا کہاں ہے؟

اِن باتوں کو یاد کر کے میرا دِل بھر آتا ہے

کہ مَیں کِس طرح بِھیڑ یعنی عِید منانے والی جماعت کے ہمراہ خُوشی اور حمد کرتا ہُؤا اُن کو خُدا کے گھر میں لے جاتا تھا۔

اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟

تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟

خُدا سے اُمّید رکھ کیونکہ اُس کے نجات بخش دِیدار کی خاطِر

مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔

اَے میرے خُدا! میری جان میرے اندر گِری جاتی ہے۔

اِس لِئے مَیں تُجھے یَرؔدن کی سر زمِین سے

اور حرمُوؔن اور کوہِ مِصفؔار پر سے یاد کرتا ہُوں۔

تیرے آبشاروں کی آواز سے گہراؤ گہراؤ کو پُکارتا ہے۔

تیری سب مَوجیں اور لہریں مُجھ پر سے گُزر گئِیں

تَو بھی دِن کو خُداوند اپنی شفقت دِکھائے گا

اور رات کو مَیں اُس کا گِیت گاؤُں گا

بلکہ اپنی حیات کے خُدا سے دُعا کرُوں گا۔

مَیں خُدا سے جو میری چِٹان ہے کہُوں گا تُو مُجھے کیوں بُھول گیا؟

مَیں دُشمن کے ظُلم کے سبب سے کیوں ماتم کرتا پِھرتا ہُوں؟

10۔ میرے مُخالِفوں کی ملامت گویا میری ہڈِّیوں میں تلوار ہے کیونکہ وہ مُجھ سے برابر کہتے ہیں تیرا خُدا کہاں ہے؟

11۔ اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟

تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟

خُدا سے اُمّید رکھ کیونکہ وہ میرے چہرے کی رَونق اور میرا خُدا ہے۔

مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔

آمین!

RELATED ARTICLES