September 17, 2024

اردو

زبور 143- مُشکلات سے آزادی کی دُعا

مُشکلات سے آزادی کی دُعا - خُدا سے اِلتجا - Zaboor 143 - زبور 143

اَے خُداوند! میری دُعا سُن۔ میری اِلتجا پر کان لگا۔

اپنی وفاداری اور صداقت میں مُجھے جواب دے

اور اپنے بندہ کو عدالت میں نہ لا

کیونکہ تیری نظر میں کوئی آدمی راست باز نہیں ٹھہر سکتا۔

اِس لِئے کہ دُشمن نے میری جان کو ستایا ہے۔

اُس نے میری زِندگی کو خاک میں مِلا دِیا

اور مُجھے اندھیری جگہوں میں اُن کی مانِند بسایا ہے

جِن کو مَرے مُدّت ہوگئی ہو۔

4۔ اِسی سبب سے مُجھ میں میری جان نِڈھال ہے

اور میرا دِل مُجھ میں بیکل ہے۔

مَیں گُذشتہ زمانوں کو یاد کرتا ہُوں۔

مَیں تیرے سب کاموں پر غَور کرتا ہُوں

اور تیری دست کاری پر دِھیان کرتا ہُوں۔

مَیں اپنے ہاتھ تیری طرف پَھیلاتا ہُوں۔

میری جان خُشک زمِین کی مانِند تیری پیاسی ہے۔ (سِلاہ)

اَے خُداوند! جلد مُجھے جواب دے۔ میری رُوح گُداز ہو چلی۔

اپنا چہرہ مُجھ سے نہ چُھپا۔

اَیسا نہ ہو کہ مَیں قبر میں اُترنے والوں کی مانِند ہو جاؤُں۔

صُبح کو مُجھے اپنی شفقت کی خبر دے

کیونکہ میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔

مُجھے وہ راہ بتا جِس پر مَیں چلُوں

کیونکہ مَیں اپنا دِل تیری ہی طرف لگاتا ہُوں۔

اَے خُداوند! مُجھے میرے دُشمنوں سے رہائی بخش

کیونکہ مَیں پناہ کے لِئے تیرے پاس بھاگ آیا ہُوں۔

10۔ مُجھے سِکھا کہ تیری مرضی پر چلُوں اِس لِئے کہ تُو میرا خُدا ہے۔

تیری نیک رُوح مُجھے راستی کے مُلک میں لے چلے۔

11۔ اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر مُجھے زِندہ کر۔

اپنی صداقت میں میری جان کو مُصِیبت سے نِکال۔

12۔ اپنی شفقت سے میرے دُشمنوں کو کاٹ ڈال

اور میری جان کے سب دُکھ دینے والوں کو ہلاک کر دے

کیونکہ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔

آمین!

RELATED ARTICLES