September 16, 2024

اردو

زبور 9- عدل و اِنصاف کے لئے خُدا کی شکرگزاری

عدل و اِنصاف کے لئے خُدا کی شکرگزاری - خُدا قوموں کی عدالت کرتا ہے - Zaboor 9 - زبور 9

مَیں اپنے پُورے دِل سے خُداوند کی شُکرگُزاری کرُوں گا۔

مَیں تیرے سب عجِیب کاموں کا بیان کرُوں گا۔

مَیں تُجھ میں خُوشی مناؤُں گا اور مسرُور ہُوں گا۔

اَے حق تعالیٰ! مَیں تیری سِتایش کرُوں گا۔

جب میرے دُشمن پِیچھے ہٹتے ہیں

تو تیری حضُوری کے سبب سے لغزِش کھاتے اور ہلاک ہو جاتے ہیں۔

کیونکہ تُو نے میرے حق کی اور میرے مُعاملہ کی تائِید کی ہے۔

تُو نے تخت پر بَیٹھ کر صداقت سے اِنصاف کِیا۔

تُو نے قَوموں کو جِھڑکا۔ تُو نے شرِیروں کو ہلاک کِیا ہے۔

تُو نے اُن کا نام ابدُالآباد کے لِئے مِٹا ڈالا ہے۔

دُشمن تمام ہُوئے۔ وہ ہمیشہ کے لِئے برباد ہوگئے

اور جِن شہروں کو تُو نے ڈھا دِیا

اُن کی یادگار تک مِٹ گئی۔

لیکن خُداوند ابد تک تخت نشِین ہے۔

اُس نے اِنصاف کے لِئے اپنا تخت تیّار کِیا ہے

اور وُہی صداقت سے جہان کی عدالت کرے گا۔

وہ راستی سے قَوموں کا اِنصاف کرے گا۔

خُداوند مظلُوموں کے لِئے اُونچا بُرج ہوگا۔

مُصِیبت کے ایّام میں اُونچا بُرج

10۔ اور وہ جو تیرا نام جانتے ہیں تُجھ پر توکُّل کریں گے

کیونکہ اَے خُداوند! تُو نے اپنے طالِبوں کو ترک نہیں کِیا ہے۔

11۔ خُداوند کی سِتایش کرو جو صِیُّوؔن میں رہتا ہے۔

لوگوں کے درمِیان اُس کے کاموں کو بیان کرو

12۔ کیونکہ خُون کی پُرسِش کرنے والا اُن کو یاد رکھتا ہے۔

وہ غرِیبوں کی فریاد کو نہیں بُھولتا۔

13۔ اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر!

تُو جو مَوت کے پھاٹکوں سے مُجھے اُٹھاتا ہے

میرے اُس دُکھ کو دیکھ جو میرے نفرت کرنے والوں کی طرف سے ہے۔

14۔ تاکہ مَیں تیری کامِل سِتایش کا اِظہار کرُوں۔

صِیُّوؔن کی بیٹی کے پھاٹکوں پر

مَیں تیری نجات سے شادمان ہُوں گا۔

15۔ قَومیں خُود اُس گڑھے میں گِری ہیں جِسے اُنہوں نے کھودا تھا۔

جو جال اُنہوں نے لگایا تھا اُس میں اُن ہی کا پاؤں پھنسا۔

16۔ خُداوند کی شُہرت پَھیل گئی۔ اُس نے اِنصاف کِیا ہے۔

شرِیر اپنے ہی ہاتھ کے کاموں میں پھنس گیا ہے (ہِگّایون سِلاہ)۔

17۔ شرِیر پاتال میں جائیں گے۔

یعنی وہ سب قَومیں جو خُدا کو بُھول جاتی ہیں۔

18۔ کیونکہ مِسکیِن سدا بُھولے بسرے نہ رہیں گے۔

نہ غرِیبوں کی اُمّید ہمیشہ کے لِئے ٹوٹے گی۔

19۔ اُٹھ اَے خُداوند! اِنسان غالِب نہ ہونے پائے۔

قَوموں کی عدالت تیرے حضُور ہو۔

20۔ اَے خُداوند! اُن کو خَوف دِلا۔

قَومیں اپنے آپ کو بشر ہی جانیں۔ (سِلاہ)

آمین!

RELATED ARTICLES