September 9, 2024

اردو

زبور 46- خُدا ہمارے ساتھ ہے

خُدا ہمارے ساتھ ہے - حق تعالیٰ کا مُقدّس مسکن - Zaboor 46 - زبور 46

خُدا ہماری پناہ اور قُوّت ہے۔

مُصِیبت میں مُستعِد مددگار۔

اِس لِئے ہم کو کُچھ خَوف نہیں خواہ زمِین اُلٹ جائے

اور پہاڑ سمُندر کی تہہ میں ڈال دِئے جائیں۔

خواہ اُس کا پانی شور مچائے اور مَوجزن ہو

اور پہاڑ اُس کی طُغیانی سے ہِل جائیں۔ (سِلاہ)

ایک اَیسا دریا ہے جِس کی شاخوں سے خُدا کے شہر کو

یعنی حق تعالیٰ کے مُقدّس مسکن کو فرحت ہوتی ہے۔

خُدا اُس میں ہے۔ اُسے کبھی جُنبِش نہ ہوگی۔

خُدا صُبح سویرے اُس کی کُمک کرے گا۔

قَومیں جُھنجھلائِیں۔ سلطنتوں نے جُنبِش کھائی۔

وہ بول اُٹھا۔ زمِین پِگھل گئی۔

لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔

یعقُوبؔ کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ)

آؤ! خُداوند کے کاموں کو دیکھو

کہ اُس نے زمِین پر کیا کیا وِیرانِیاں کی ہیں۔

وہ زمِین کی اِنتہا تک جنگ مَوقُوف کراتا ہے۔

وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹُکڑے کر ڈالتا ہے۔

وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔

10۔ خاموش ہو جاؤ اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔

مَیں قَوموں کے درمیان سربُلند ہُوں گا۔ مَیں ساری زمِین پر سربُلند ہُوں گا۔

11۔ لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔

یعقُوبؔ کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ)

آمین!

RELATED ARTICLES