1۔ اَے خُداوند! مَیں نے تیری دُہائی دی ہے۔ میری طرف جلد آ۔
جب مَیں تُجھ سے دُعا کرُوں تُو میری آواز پر کان لگا۔
2۔ میری دُعا تیرے حضُور بخُور کی مانِند ہو
اور میرا ہاتھ اُٹھانا شام کی قُربانی کی مانِند۔
3۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ پر پہرا بِٹھا۔
میرے لبوں کے دروازہ کی نِگہبانی کر۔
4۔ میرے دِل کو کِسی بُری بات کی طرف مائِل نہ ہونے دے
کہ بدکاروں کے ساتھ مِل کر
شرارت کے کاموں میں مصرُوف ہو جائے
اور مُجھے اُن کے نفِیس کھانے سے باز رکھ۔
5۔ صادِق مُجھے مارے تو مہربانی ہوگی۔
وہ مُجھے تنبِیہ کرے تو گویا سر پر رَوغن ہوگا۔
میرا سر اِس سے اِنکار نہ کرے
کیونکہ اُن کی شرارت میں بھی مَیں دُعا کرتا رہُوں گا۔
6۔ اُن کے حاکِم چٹان کے کناروں پر سے گِرا دِئے گئے ہیں
اور وہ میری باتیں سُنیں گے کیونکہ یہ شیِریں ہیں۔
7۔ جَیسے کوئی ہل چلا کر زمِین کو توڑتا ہے
وَیسے ہی ہماری ہڈِّیاں پاتال کے مُنہ پر بِکھری پڑی ہیں۔
8۔ کیونکہ اَے مالِک خُداوند! میری آنکھیں تیری طرف ہیں۔
میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ میری جان کو بیکس نہ چھوڑ۔
9۔ مُجھے اُس پھندے سے جو اُنہوں نے میرے لِئے لگایا ہے
اور بدکرداروں کے دام سے بچا۔
10۔ شرِیر آپ اپنے جال میں پھنسیں
اور مَیں سلامت بچ نِکلُوں۔
آمین!