September 13, 2024

اردو

زبور 135- خُداوند مالِک اور مُحسِن کی تمجید

خُداوند مالِک اور مُحسِن کی تمجید - مِصؔر میں عجائِب - Zaboor 135 - زبور 135

خُداوند کی حمد کرو۔

خُداوند کے نام کی حمد کرو۔

اَے خُداوند کے بندو! اُس کی حمد کرو۔

تُم جو خُداوند کے گھر میں

ہمارے خُدا کے گھر کی بارگاہوں میں کھڑے رہتے ہو۔

خُداوند کی حمد کرو کیونکہ خُداوند بَھلا ہے۔

اُس کے نام کی مدح سرائی کرو کہ یہ دِل پسند ہے۔

کیونکہ خُداوند نے یعقُوؔب کو اپنے لِئے

اور اِسرائیؔل کو اپنی خاص مِلکِیّت کے لِئے چُن لِیا ہے۔

اِس لِئے کہ مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند بزُرگ ہے

اور ہمارا ربّ سب مَعبُودوں سے بالاتر ہے۔

آسمان اور زمِین میں۔ سمُندر اور گہراؤ میں

خُداوند نے جو کُچھ چاہا وُہی کِیا۔

وہ زمِین کی اِنتہا سے بُخارات اُٹھاتا ہے۔

وہ بارِش کے لِئے بِجلیاں بناتا ہے

اور اپنے مخزنوں سے آندھی نِکالتا ہے۔

اُسی نے مِصؔر کے پہلوٹھوں کو مارا۔

کیا اِنسان کے کیا حَیوان کے۔

اَے مِصؔر! اُسی نے تُجھ میں فرعوؔن اور اُس کے سب خادِموں پر

نِشان اور عجائِب ظاہِر کِئے۔

10۔ اُس نے بُہت سی قَوموں کو مارا

اور زبردست بادشاہوں کو قتل کِیا۔

11۔ امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کو

اور بسؔن کے بادشاہ عوؔج کو

اور کنعاؔن کی سب مملکتوں کو

12۔ اور اُن کی زمِین میِراث کر دی

یعنی اپنی قَوم اِسرائیؔل کی میِراث۔

13۔ اَے خُداوند! تیرا نام ابدی ہے

اور تیری یادگار اَے خُداوند پُشت در پُشت

قائِم ہے۔

14۔ کیونکہ خُداوند اپنی قَوم کی عدالت کرے گا

اور اپنے بندوں پر ترس کھائے گا۔

15۔ قَوموں کے بُت چاندی اور سونا ہیں

یعنی آدمی کی دست کاری۔

16۔ اُن کے مُنہ ہیں پر وہ بولتے نہیں۔

آنکھیں ہیں پر وہ دیکھتے نہیں۔

17۔ اُن کے کان ہیں پر وہ سُنتے نہیں

اور اُن کے مُنہ میں سانس نہیں۔

18۔ اُن کے بنانے والے اُن ہی کی مانِند ہو جائیں گے۔

بلکہ وہ سب جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔

19۔ اَے اِسرائیؔل کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔

اَے ہارُوؔن کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔

20۔ اَے لاؔوی کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔

اَے خُداوند سے ڈرنے والو! خُداوند کو مُبارک کہو۔

21۔ صِیُّوؔن میں خُداوند مُبارک ہو۔

وہ یروشلیِؔم میں سکُونت کرتا ہے۔

آمین!

RELATED ARTICLES