یہودی سبت کے دِن کو کیوں مناتے ہیں؟
سبت کا دِن اسرائیل کے لوگوں کے لئے ہے جو خُدا، خالق اور نجات دہندہ کی یادگاری کو ظاہر کرتا ہے۔ سبت کا دِن سات دِنوں کی تخلیق میں سب سے پہلا درجہ رکھتا ہے، جب خُدا نے آرام کیا:
خرُوج 31 باب 17 آیت: ” میرے اور بنی اِسرائیل کے درمیان یہ ہمیشہ کے لِئے ایک نِشان رہے گا اِس لِئے کہ چھ دِن میں خُداوند نے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا اور ساتویں دِن آرام کر کے تازہ دَم ہُوأ “۔
یہ دِن لوگوں کو اِس چیز کا اِختیار دیتا ہے کہ وہ اپنے کاموں کو روکیں اور خود کو خُدا کی قوت سے بھریں۔ یہاں تک کہ غلاموں کو بھی سبت کا دِن منانے کی اجازت ہوتی تھی۔ یہ دوسری عظیم یادگاری کی علامت کو بھی ظاہر کرتا ہے، جس میں مصر کی غلامی سے اسرائیل کی آزادی کو یاد کیا جاتا ہے۔
اِستِثنا 5 باب 15 آیت: ” اور یاد رکھنا کہ تُو مُلکِ مِصؔر میں غُلام تھا اور وہاں سے خُداوند تیرا خُدا اپنے زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو سے تُجھ کو نِکال لایا۔ اِس لِئے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو سبت کے دِن کو ماننے کا حُکم دِیا “۔
لہٰذا سبت کا دِن اِنسانی آزادی کی دعوت کا دِن ہے۔ سبت کے دِن تمام لوگ آزادی سے سانس لیتے ہیں۔ اِس دِن مالک اور غلام کے درمیان دُنیاوی فرق کو ختم کر دیا جاتا ہے۔ روایتی یہودیوں میں یہ آزادی اور سکون کا دِن دُنیا میں آنے والے امن کی خوشی کو ظاہر کرتا ہے۔
خُداوند آپ سب کو اپنی تمام برکات سے نوازے اور آپ سب کو زندگی کی تمام مشکلات سے دور رکھے۔ آپ یوں ہی خُدا کے فضل سے اپنی زندگیوں میں ترقی کرتے جائیں اور یسوع مسیح کے احکام پر عمل کریں۔ یسوع مسیح کے جلالی اور بابرکت نام میں آمین!