November 21, 2024

اردو

زبور 140- حمایت کے لئے دُعا

حمایت کے لئے دُعا - صادقوں کی راہ پر چلنا - بدزُبان آدمی - Zaboor 140 - زبور 140

اَے خُداوند! مُجھے بُرے آدمی سے رہائی بخش۔

مُجھے تُند خُو آدمی سے محفُوظ رکھ۔

جو دِل میں شرارت کے منصُوبے باندھتے ہیں

وہ ہمیشہ مِل کر جنگ کے لِئے جمع ہو جاتے ہیں۔

اُنہوں نے اپنی زُبان سانپ کی طرح تیز کر رکھّی ہے۔

اُن کے ہونٹوں کے نِیچے افعی کا زہر ہے۔ (سِلاہ)

اَے خُداوند! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے بچا۔

مُجھے تُند خُو آدمی سے محفُوظ رکھ

جِن کا اِرادہ ہے کہ میرے پاؤں اُکھاڑ دیں۔

مغرُوروں نے میرے لِئے پھندے اور رسِیّوں کو چُھپایا ہے۔

اُنہوں نے راہ کے کنارے جال لگایا ہے۔

اُنہوں نے میرے لِئے دام بِچھا رکھّے ہیں۔ (سِلاہ)

مَیں نے خُداوند سے کہا میرا خُدا تُو ہی ہے۔

اَے خُداوند! میری اِلتجا کی آواز پر کان لگا۔

اَے خُداوند میرے مالِک! اَے میری نجات کی قُوّت

تُو نے جنگ کے دِن میرے سر پر سایہ کِیا ہے۔

اَے خُداوند! شرِیر کی مُراد پُوری نہ کر۔

اُس کے بُرے منصُوبہ کو انجام نہ دے تاکہ وہ ڈِینگ نہ مارے۔ (سِلاہ)

مُجھے گھیرنے والوں کے مُنہ کی شرارت

اُن ہی کے سر پر پڑے۔

10۔ اُن پر انگارے گِریں۔

وہ آگ میں ڈالے جائیں

اور اَیسے گڑھوں میں کہ پِھر نہ اُٹھیں۔

11۔ بدزُبان آدمی کو زمِین پر قِیام نہ ہوگا۔

آفت تُند خُو آدمی کو رگید کر ہلاک کرے گی۔

12۔ مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند مُصِیبت زدہ کے

مُعاملہ کی

اور مُحتاج کے حق کی تائید کرے گا۔

13۔ یقیِناً صادِق تیرے نام کا شُکر کریں گے

اور راست باز تیرے حضُور میں رہیں گے۔

آمین!

RELATED ARTICLES