November 22, 2024

اردو

زبور 66- خُدا کی حمد و ثنا کا گیت

خُدا کی حمد و ثنا کا گیت - جانوروں کی سوختنی قُربانِیاں - Zaboor 66 - زبور 66

اَے ساری زمِین! خُدا کے حضُور خُوشی کا نعرہ مار۔

اُس کے نام کے جلال کا گِیت گاؤ۔

سِتایش کرتے ہُوئے اُس کی تمجِید کرو۔

خُدا سے کہو تیرے کام کیا ہی مُہِیب ہیں!

تیری بڑی قُدرت کے باعِث تیرے دُشمن عاجِزی کریں گے۔

ساری زمِین تُجھے سِجدہ کرے گی

اور تیرے حضُور گائے گی۔

وہ تیرے نام کے گِیت گائیں گے۔ (سِلاہ)

آؤ اور خُدا کے کاموں کو دیکھو۔

بنی آدم کے ساتھ وہ اپنے سلُوک میں مُہِیب ہے۔

اُس نے سمُندر کو خُشک زمِین بنا دِیا۔

وہ دریا میں سے پَیدل گُزر گئے۔

وہاں ہم نے اُس میں خُوشی منائی۔

وہ اپنی قُدرت سے ابد تک سلطنت کرے گا۔

اُس کی آنکھیں قَوموں کو دیکھتی رہتی ہیں۔

سرکش لوگ تکبُّر نہ کریں۔ (سِلاہ)

اَے لوگو! ہمارے خُدا کو مُبارک کہو

اور اُس کی تعرِیف میں آواز بُلند کرو۔

وُہی ہماری جان کو زِندہ رکھتا ہے

اور ہمارے پاؤں کو پِھسلنے نہیں دیتا۔

10۔ کیونکہ اَے خُدا! تُو نے ہمیں آزما لِیا ہے۔

تُو نے ہمیں اَیسا تایا جَیسے چاندی تائی جاتی ہے۔

11۔ تُو نے ہمیں جال میں پھنسایا

اور ہماری کمر پر بھاری بوجھ رکھّا۔

12۔ تُو نے سواروں کو ہمارے سروں پر سے گُزارا۔

ہم آگ میں سے اور پانی میں سے ہو کر گُزرے لیکن تُو ہم کو فراوانی کی جگہ میں نِکال لایا۔

13۔ مَیں سوختنی قُربانِیاں لے کر تیرے گھر میں داخِل ہُوں گا۔

اور اپنی مَنّتیں تیرے حضُور ادا کرُوں گا۔

14۔ جو مُصِیبت کے وقت میرے لبوں سے نِکلیں

اور مَیں نے اپنے مُنہ سے مانیں۔

15۔ مَیں موٹے موٹے جانوروں کی سوختنی قُربانِیاں مینڈھوں کی خُوشبُو کے ساتھ چڑھاؤُں گا۔

مَیں بَیل اور بکرے گُزرانُوں گا۔ (سِلاہ)

16۔ اَے خُدا سے ڈرنے والو! سب آؤ۔ سُنو

اور مَیں بتاؤُں گا کہ اُس نے میری جان کے لِئے کیا کیا کِیا ہے۔

17۔ مَیں نے اپنے مُنہ سے اُس کو پُکارا۔

اُس کی تمجِید میری زُبان سے ہُوئی۔

18۔ اگر مَیں بدی کو اپنے دِل میں رکھتا

تو خُداوند میری نہ سُنتا

19۔ لیکن خُدا نے یقیِناً سُن لِیا ہے۔

اُس نے میری دُعا کی آواز پر کان لگایا ہے۔

20۔ خُدا مُبارک ہو

جِس نے نہ تو میری دُعا کو ردّ کِیا

اور نہ اپنی شفقت کو مُجھ سے باز رکھّا۔

آمین!

RELATED ARTICLES