October 15, 2024

اردو

زبور 28- مدد کے لئے التجا

مدد کے لئے التجا - خُدا ہماری مِنّت کو سُنتا ہے - Zaboor 28 - زبور 28

اَے خُداوند! مَیں تُجھ ہی کو پُکارُوں گا۔

اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بند نہ کر۔

اَیسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے

تو مَیں اُن کی مانِند بن جاؤُں جو پاتال میں جاتے ہیں۔

جب مَیں تُجھ سے فریاد کرُوں اور اپنے ہاتھ

تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف اُٹھاؤُں تو میری مِنّت کی آواز کو سُن لے۔

مُجھے اُن شرِیروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسِیٹ نہ لے جا

جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں

مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔

اُن کے افعال و اعمال کی بُرائی کے مُوافِق اُن کو بدلہ دے۔

اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن سے سلُوک کر۔

اُن کے کِئے کا عِوض اُن کو دے۔

وہ خُداوند کے کاموں

اور اُس کی دست کاری پر دِھیان نہیں کرتے۔

اِس لِئے وہ اُن کو گِرا دے گا اور پِھر نہیں اُٹھائے گا۔

خُداوند مُبارک ہو۔

اِس لِئے کہ اُس نے میری مِنّت کی آواز سُن لی۔

خُداوند میری قُوّت اور میری سِپر ہے۔

میرے دِل نے اُس پر توکُّل کِیا ہے اور مُجھے مدد مِلی ہے

اِسی لِئے میرا دِل نہایت شادمان ہے

اور مَیں گِیت گا کر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔

خُداوند اُن کی قُوّت ہے۔

وہ اپنے ممسُوح کے لِئے نجات کا قلعہ ہے۔

اپنی اُمّت کو بچا اور اپنی میِراث کو برکت دے۔

اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ۔

آمین!

RELATED ARTICLES