November 21, 2024

اردو

زبور 118- فتح کے لئے شُکرگزاری کی دُعا

فتح کے لئے شُکرگزاری کی دُعا - خُداوند کا دہنا ہاتھ دِلاوری کرتا ہے - Zaboor 118 - زبور 118

خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے

اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔

اِسرائیؔل اب کہے

اُس کی شفقت ابدی ہے۔

ہارُوؔن کا گھرانا اب کہے

اُس کی شفقت ابدی ہے۔

خُداوند سے ڈرنے والے اب کہیں

اُس کی شفقت ابدی ہے۔

مَیں نے مُصِیبت میں خُداوند سے دُعا کی۔

خُداوند نے مُجھے جواب دِیا اور کُشادگی بخشی۔

خُداوند میری طرف ہے مَیں نہیں ڈرنے کا۔

اِنسان میرا کیا کر سکتا ہے؟

خُداوند میری طرف میرے مددگاروں میں ہے۔

اِس لِئے مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو دیکھ لُوں گا۔

خُداوند پر توکُّل کرنا

اِنسان پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔

خُداوند پر توکُّل کرنا

اُمرا پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔

10۔ سب قَوموں نے مُجھے گھیر لِیا۔

مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔

11۔ اُنہوں نے مُجھے گھیر لِیا۔ بیشک گھیر لِیا۔

مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔

12۔ اُنہوں نے شہد کی مکھِّیوں کی طرح مُجھے گھیر لِیا۔ وہ کانٹوں کی آگ کی طرح بُجھ گئے۔

مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔

13۔ تُو نے مُجھے زور سے دھکیل دِیا کہ گِر پڑُوں

لیکن خُداوند نے میری مدد کی۔

14۔ خُداوند میری قُوّت اور میرا گِیت ہے۔

وُہی میری نجات ہُؤا۔

15۔ صادِقوں کے خَیموں میں شادمانی اور نجات کی راگنی ہے۔

خُداوند کا دہنا ہاتھ دِلاوری کرتا ہے۔

16۔ خُداوند کا دہنا ہاتھ بُلند ہُؤا ہے۔

خُداوند کا دہنا ہاتھ دِلاوری کرتا ہے۔

17۔ مَیں مرُوں گا نہیں بلکہ جِیتا رہُوں گا

اور خُداوند کے کاموں کا بیان کرُوں گا۔

18۔ خُداوند نے مُجھے سخت تنبِیہ تو کی

لیکن مَوت کے حوالہ نہیں کِیا۔

19۔ صداقت کے پھاٹکوں کو میرے لِئے کھول دو۔

مَیں اُن سے داخِل ہو کر خُداوند کا شُکر کرُوں گا۔

20۔ خُداوند کا پھاٹک یہی ہے۔

صادِق اِس سے داخِل ہوں گے۔

21۔ مَیں تیرا شُکر کرُوں گا کیونکہ تُو نے مُجھے جواب دِیا۔

اور خُود میری نجات بنا ہے۔

22۔ جِس پتّھر کو مِعماروں نے ردّ کِیا

وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گیا۔

23۔ یہ خُداوند کی طرف سے ہُؤا

اور ہماری نظر میں عجِیب ہے۔

24۔ یہ وُہی دِن ہے جِسے خُداوند نے مُقرّر کِیا۔

ہم اِس میں شادمان ہوں گے اور خُوشی منائیں گے۔

25۔ آہ! اَے خُداوند! بچا لے۔

آہ! اَے خُداوند! خُوش حالی بخش۔

26۔ مُبارک ہے وہ جو خُداوند کے نام سے آتا ہے۔

ہم نے تُم کو خُداوند کے گھر سے دُعا دی ہے۔

27۔ یہوؔواہ ہی خُدا ہے اور اُسی نے ہم کو نُور بخشا ہے۔

قُربانی کو مذبح کے سِینگوں سے رسّیِوں سے باندھو۔

28۔ تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں تیرا شُکر کرُوں گا۔

تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں تیری تمجِید کرُوں گا۔

29۔ خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے

اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔

آمین!

RELATED ARTICLES