November 22, 2024

اردو

زبور 81- عید کی خُوشنُودی

عید کی خُوشنُودی - غَیر مَعبُود کو سِجدہ نہ کرنا - Zaboor 81 - زبور 81

خُدا کے حضُور جو ہماری قُوّت ہے بُلند آواز سے گاؤ۔

یعقُوبؔ کے خُدا کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔

نغمہ چھیڑو اور دَف لاؤ

اور دِل نواز سِتار اور بربط۔

نئے چاند اور پُورے چاند کے وقت

ہماری عِید کے دِن نرسِنگا پُھونکو

کیونکہ یہ اِسرائیؔل کے لِئے آئِین

اور یعقُوبؔ کے خُدا کا حُکم ہے۔

اِس کو اُس نے یُوسفؔ میں شہادت ٹھہرایا۔

جب وہ مُلکِ مِصؔر کے خِلاف نِکلا

مَیں نے اُس کا کلام سُنا جِس کو مَیں جانتا نہ تھا۔

مَیں نے اُس کے کندھے پر سے بوجھ اُتار دِیا۔

اُس کے ہاتھ ٹوکری ڈھونے سے چُھوٹ گئے۔

تُو نے مُصِیبت میں پُکارا اور مَیں نے تُجھے چُھڑایا۔

مَیں نے رَعد کے پردہ میں سے تُجھے جواب دِیا۔

مَیں نے تُجھے مرِؔیبہ کے چشمہ پر آزمایا۔ (سِلاہ)

8۔ اَے میرے لوگو! سُنو۔ مَیں تم کو آگاہ کرتا ہُوں۔

اَے اِسرائیؔل! کاش کہ تُو میری سُنتا!

تیرے درمیان کوئی غَیر مَعبُود نہ ہو

اور تُو کِسی غَیر مَعبُود کو سِجدہ نہ کرنا۔

10۔ خُداوند تیرا خُدا مَیں ہُوں

جو تُجھے مُلکِ مِصؔر سے نِکال لایا۔

تُو اپنا مُنہ خُوب کھول اور مَیں اُسے بھردُوں گا۔

11۔ پر میرے لوگوں نے میری بات نہ سُنی

اور اِسرائیؔل مُجھ سے رضا مند نہ ہُؤا

12۔ پس مَیں نے اُن کو اُن کے دِل کی ہٹ پر چھوڑ دِیا

تاکہ وہ اپنے ہی مشوَروں پر چلیں۔

13۔ کاش کہ میرے لوگ میری سُنتے

اور اِسرائیؔل میری راہوں پر چلتا!

14۔ مَیں جلد اُن کے دُشمنوں کو مغلُوب کر دیتا

اور اُن کے مُخالِفوں پر اپنا ہاتھ چلاتا۔

15۔ خُداوند سے عداوت رکھنے والے اُس کے تابِع ہو جاتے

اور اِن کا زمانہ ہمیشہ تک بنا رہتا۔

16۔ وہ اِن کو اچھّے سے اچھّا گیہُوں کھِلاتا

اور مَیں تُجھے چٹان میں کے شہد سے سیر کرتا۔

آمین!

RELATED ARTICLES