زبور 82- بے اِنصاف مُنصِف کا اَنجام

بے اِنصاف مُنصِف کا اَنجام - خُدا غم زدہ کے ساتھ ہے - Zaboor 82 - زبور 82

خُدا کی جماعت میں خُدا مَوجُود ہے۔

وہ اِلہٰوں کے درمیان عدالت کرتا ہے۔

تُم کب تک بے اِنصافی سے عدالت کرو گے

اور شرِیروں کی طرف داری کرو گے؟ (سِلاہ)

غرِیب اور یتِیم کا اِنصاف کرو۔

غم زدہ اور مُفلِس کے ساتھ اِنصاف سے پیش آؤ۔

غرِیب اور مُحتاج کو بچاؤ۔

شرِیروں کے ہاتھ سے اُن کو چُھڑاؤ۔

وہ نہ تو کُچھ جانتے ہیں نہ سمجھتے ہیں۔

وہ اندھیرے میں اِدھراُدھر چلتے ہیں۔

زمِین کی سب بُنیادیں ہِل گئی ہیں۔

مَیں نے کہا تھا کہ تُم اِلہٰ ہو

اور تُم سب حق تعالیٰ کے فرزند ہو۔

تَو بھی تُم آدمِیوں کی طرح مَرو گے

اور اُمرا میں سے کِسی کی طرح گِر جاؤ گے۔

اَے خُدا! اُٹھ۔ زمِین کی عدالت کر۔

کیونکہ تُو ہی سب قَوموں کا مالِک ہوگا۔

آمین!

RELATED ARTICLES