1۔ اَے میرے خُدا! مُجھے میرے دُشمنوں سے چُھڑا۔
مُجھے میرے خِلاف اُٹھنے والوں پر سرفراز کر۔
2۔ مُجھے بدکرداروں سے چُھڑا
اور خُون خوار آدمِیوں سے مُجھے بچا۔
3۔ کیونکہ دیکھ! وہ میری جان کی گھات میں ہیں۔
اَے خُداوند! میری خطا یا میرے گُناہ کے بغیر زبردست لوگ میرے خِلاف اِکٹّھے ہوتے ہیں۔
4۔ وہ مُجھ بےقصُور پر دَوڑ دَوڑ کر تیّار ہوتے ہیں
میری کُمک کے لِئے جاگ اور دیکھ!
5۔ اَے خُداوند لشکروں کے خُدا۔ اِسرائیؔل کے خُدا!
سب قَوموں کے مُحاسبہ کے لِئے اُٹھ۔
کِسی دغاباز خطاکار پر رحم نہ کر۔ (سِلاہ)
6۔ وہ شام کو لَوٹتے اور کُتّے کی طرح بَھونکتے ہیں
اور شہر کے گِرد پِھرتے ہیں۔
7۔ دیکھ! وہ اپنے مُنہ سے ڈکارتے ہیں۔
اُن کے لبوں کے اندر تلواریں ہیں۔
کیونکہ وہ کہتے ہیں کون سُنتا ہے؟
8۔ پر اَے خُداوند! تُو اُن پر ہنسے گا۔
تُو تمام قَوموں کو ٹھٹّھوں میں اُڑائے گا۔
9۔ اَے میری قُوّت! مُجھے تیری ہی آس ہوگی
کیونکہ خُدا میرا اُونچا بُرج ہے۔
10۔ میرا خُدا اپنی شفقت سے میرا پیش رَو ہوگا۔
خُدا مُجھے میرے دُشمنوں کی پستی دِکھائے گا۔
11۔ اُن کو قتل نہ کر مبادا میرے لوگ بُھول جائیں۔
اَے خُداوند! اَے ہماری سِپر!
اپنی قُدرت سے اُن کو پراگندہ کر کے پست کر دے۔
12۔ وہ اپنے مُنہ کے گُناہ اور اپنے ہونٹوں کی باتوں اور اپنی لعن طعن اور جُھوٹ بولنے کے باعِث اپنے غرُور میں پکڑے جائیں۔
13۔ قہر میں اُن کو فنا کر دے۔ فنا کر دے تاکہ وہ نابُود ہو جائیں
اور وہ زمِین کی اِنتہا تک جان لیں
کہ خُدا یعقُوؔب پر حُکمران ہے۔ (سِلاہ)
14۔ پِھر شام کو وہ لَوٹیں اور کُتّے کی طرح بَھونکیں اور شہر کے گِرد پِھریں۔
15۔ وہ کھانے کی تلاش میں مارے مارے پِھریں
اور اگر آسُودہ نہ ہوں تو ساری رات ٹھہرے رہیں۔
16۔ لیکن مَیں تیری قُدرت کا گِیت گاؤُں گا
بلکہ صُبح کو بُلند آواز سے تیری شفقت کا گِیت گاؤُں گا کیونکہ تُو میرا اُونچا بُرج ہے
اور میری مُصِیبت کے دِن میری پناہ گاہ۔
17۔ اَے میری قُوّت! مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا کیونکہ خُدا میرا شفِیق خُدا میرا اُونچا بُرج ہے۔
آمین!