1۔ اَے خُداوند اپنے قہر میں مُجھے جِھڑک نہ دے
اور اپنے غضب میں مُجھے تنبِیہ نہ کر۔
2۔ کیونکہ تیرے تِیر مُجھ میں لگے ہیں
اور تیرا ہاتھ مُجھ پر بھاری ہے۔
3۔ تیرے قہر کے سبب سے میرے جِسم میں صِحت نہیں
اور میرے گُناہ کے باعِث میری ہڈِّیوں کو آرام نہیں۔
4۔ کیونکہ میری بدی میرے سر سے گُزرگئی
اور وہ بڑے بوجھ کی مانِند میرے لِئے نِہایت بھاری ہے۔
5۔ میری حماقت کے سبب سے
میرے زخموں سے بدبُو آتی ہے۔ وہ سٹر گئے ہیں۔
6۔ مَیں پُر درد اور بُہت جُھکا ہُؤا ہُوں۔
مَیں دِن بھر ماتم کرتا پِھرتا ہُوں
7۔ کیونکہ میری کمر میں سوزِش ہی سوزِش ہے
اور میرے جِسم میں کُچھ صِحت نہیں۔
8۔ مَیں نحِیف اور نِہایت کُچلا ہُؤا ہُوں
اور دِل کی بے چینی کے سبب سے کراہتا رہا۔
9۔ اَے خُداوند! میری ساری تمنّا تیرے سامنے ہے
اور میرا کراہنا تُجھ سے چُھپا نہیں۔
10۔ میرا دِل دھڑکتا ہے۔ میری طاقت گھٹی جاتی ہے۔
میری آنکھوں کی رَوشنی بھی مُجھ سے جاتی رہی۔
11۔ میرے عزِیز اور دوست میری بلا میں الگ ہوگئے
اور میرے رِشتہ دار دُور جا کھڑے ہُوئے۔
12۔ میری جان کے خواہاں میرے لِئے جال بِچھاتے ہیں
اور میرے نُقصان کے طالِب شرارت کی باتیں بولتے
اور دِن بھر مکرو فریب کے منصُوبے باندھتے ہیں۔
13۔ پر مَیں بہرے کی مانِند سُنتا ہی نہیں۔
مَیں گُونگے کی مانِند مُنہ نہیں کھولتا
14۔ بلکہ مَیں اُس آدمی کی مانِند ہُوں جِسے سُنائی نہیں دیتا
اور جِس کے مُنہ میں ملامت کی باتیں نہیں۔
15۔ کیونکہ اَے خُداوند! مُجھے تُجھ سے اُمّید ہے۔
اَے خُداوند میرے خُدا! تُو جواب دے گا۔
16۔ کیونکہ مَیں نے کہا کہ کہیں وہ مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔
جب میرا پاؤں پِھسلتا ہے تو وہ میرے خِلاف تکبُّر کرتے ہیں۔
17۔ کیونکہ مَیں گِرنے ہی کو ہُوں
اور میرا غم برابر میرے سامنے ہے۔
18۔ اِس لِئے کہ مَیں اپنی بدی کو ظاہِر کرُوں گا
اور اپنے گُناہ کے باعِث غمگیِن رہُوں گا۔
19۔ لیکن میرے دُشمن چُست اور زبردست ہیں
اور مُجھ سے ناحق عداوت رکھنے والے بُہت ہو گئے ہیں۔
20۔ جو نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں
وہ بھی میرے مُخالِف ہیں کیونکہ مَیں نیکی کی پَیروی کرتا ہُوں۔
21۔ اَے خُداوند! مُجھے چھوڑ نہ دے۔
اَے میرے خُدا! مُجھ سے دُور نہ ہو۔
22۔ اَے خُداوند! اَے میری نجات!
میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
آمین!