December 5, 2024

اردو

زبور 33- خُداوند کی ستایش کا گیت

خُداوند کی ستایش کا گیت - خُداوند میں شادمان - خُداوند پر توکُّل - Zaboor 33 - زبور 33

اَے صادِقو! خُداوند میں شادمان رہو۔

حمد کرنا راست بازوں کو زیبا ہے۔

سِتار کے ساتھ خُداوند کا شُکر کرو۔

دس تار کی بربط کے ساتھ اُس کی سِتایش کرو۔

اُس کے لِئے نیا گِیت گاؤ۔

بُلند آواز کے ساتھ اچّھی طرح بجاؤ

کیونکہ خُداوند کا کلام راست ہے

اور اُس کے سب کام باوفا ہیں۔

وہ صداقت اور اِنصاف کو پسند کرتا ہے۔

زمِین خُداوند کی شفقت سے معمُور ہے۔

آسمان خُداوند کے کلام سے

اور اُس کا سارا لشکر اُس کے مُنہ کے دَم سے بنا۔

وہ سمُندر کا پانی تُودے کی مانِند جمع کرتا ہے۔

وہ گہرے سمُندروں کو مخزنوں میں رکھتا ہے۔

ساری زمِین خُداوند سے ڈرے۔

جہان کے سب باشِندے اُس کا خَوف رکھّیں۔

کیونکہ اُس نے فرمایا اور ہوگیا۔

اُس نے حُکم دِیا اور واقعِ ہُؤا۔

10۔ خُداوند قَوموں کی مشوَرت کو باطِل کر دیتا ہے۔

وہ اُمّتوں کے منصُوبوں کو ناچِیز بنا دیتا ہے۔

11۔ خُداوند کی مصلحت ابد تک قائِم رہے گی

اور اُس کے دِل کے خیال نسل در نسل۔

12۔ مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے

اور وہ اُمّت جِس کو اُس نے اپنی ہی میِراث کے لِئے برگُزِیدہ کِیا۔

13۔ خُداوند آسمان پر سے دیکھتا ہے۔

سب بنی آدم پر اُس کی نِگاہ ہے

14۔ اپنی سکُونت گاہ سے

وہ زمِین کے سب باشِندوں کو دیکھتا ہے۔

15۔ وُہی ہے جو اُن سب کے دِلوں کو بناتا

اور اُن کے سب کاموں کا خیال رکھتا ہے۔

16۔ کِسی بادشاہ کو فَوج کی کثرت نہ بچائے گی

اور کِسی زبردست آدمی کو اُس کی بڑی طاقت رہائی نہ دے گی۔

17۔ بچ نِکلنے کے لِئے گھوڑا بیکار ہے۔

وہ اپنی شہہ زوری سے کِسی کو نہ بچائے گا

18۔ دیکھو! خُداوند کی نِگاہ اُن پر ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں۔

جو اُس کی شفقت کے اُمِیدوار ہیں

19۔ تاکہ اُن کی جان مَوت سے بچائے

اور قحط میں اُن کو جِیتا رکھّے۔

20۔ ہماری جان کو خُداوند کی آس ہے۔

وُہی ہماری کُمک اور ہماری سِپر ہے۔

21۔ ہمارا دِل اُس میں شادمان رہے گا

کیونکہ ہم نے اُس کے پاک نام پر توکُّل کِیا ہے۔

22۔ اَے خُداوند! جَیسی تُجھ پر ہماری آس ہے

وَیسی ہی تیری رحمت ہم پر ہو!

آمین!

RELATED ARTICLES