September 16, 2024

اردو

زبور 103- خُدا کی محبت

خُدا کی محبت - خُدا کی صداقت نسل در نسل ہے - Zaboor 103 - زبور 103

اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ

اور جو کُچھ مُجھ میں ہے اُس کے قُدُّوس نام کو مُبارک کہے۔

اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ

اور اُس کی کِسی نِعمت کو فراموش نہ کر۔

وہ تیری ساری بدکاری کو بخشتا ہے۔

وہ تُجھے تمام بِیماریوں سے شِفا دیتا ہے۔

وہ تیری جان ہلاکت سے بچاتا ہے۔

وہ تیرے سر پر شفقت و رحمت کا تاج رکھتا ہے۔

وہ تُجھے عُمر بھر اچھّی اچھّی چِیزوں سے آسُودہ کرتا ہے۔

تُو عُقاب کی مانِند ازسرِنَو جوان ہوتا ہے۔

خُداوند سب مظلُوموں کے لِئے

صداقت اور عدل کے کام کرتا ہے۔

اُس نے اپنی راہیں مُوسؔیٰ پر

اور اپنے کام بنی اِسرائیؔل پر ظاہِر کِئے

خُداوند رحیِم اور کرِیم ہے۔

قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی۔

وہ سدا جِھڑکتا نہ رہے گا۔

وہ ہمیشہ غضب ناک نہ رہے گا۔

10۔ اُس نے ہمارے گُناہوں کے مُوافِق ہم سے سلُوک نہیں کِیا

اور ہماری بدکارِیوں کے مُطابِق ہم کو بدلہ نہیں دِیا۔

11۔ کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے

اُسی قدر اُس کی شفقت اُن پر ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں۔

12۔ جَیسے پُورب پچھّم سے دُور ہے

وَیسے ہی اُس نے ہماری خطائیں ہم سے دُور کر دِیں

13۔ جَیسے باپ اپنے بیٹوں پر ترس کھاتا ہے

وَیسے ہی خُداوند اُن پر جو اُس سے ڈرتے ہیں ترس کھاتا ہے۔

14۔ کیونکہ وہ ہماری سرِشت سے واقِف ہے۔

اُسے یاد ہے کہ ہم خاک ہیں۔

15۔ اِنسان کی عُمر تو گھاس کی مانِند ہے۔

وہ جنگلی پُھول کی طرح کھِلتا ہے

16۔ کہ ہوا اُس پر چلی اور وہ نہیں

اور اُس کی جگہ اُسے پِھر نہ دیکھے گی۔

17۔ لیکن خُداوند کی شفقت اُس سے ڈرنے والوں پر ازل سے ابد تک

اور اُس کی صداقت نسل در نسل ہے۔

18۔ یعنی اُن پر جو اُس کے عہد پر قائِم رہتے ہیں

اور اُس کے قوانِین پر عمل کرنا یاد رکھتے ہیں۔

19۔ خُداوند نے اپنا تخت آسمان پر قائِم کِیا ہے

اور اُس کی سلطنت سب پر مُسلّط ہے۔

20۔ اَے خُداوند کے فرِشتو! اُس کو مُبارک کہو۔

تُم جو زور میں بڑھ کر ہو اور اُس کے کلام کی آواز سُن کر اُس پر عمل کرتے ہو۔

21۔ اَے خُداوند کے لشکرو! سب اُس کو مُبارک کہو۔

تُم جو اُس کے خادِم ہو اور اُس کی مرضی بجا لاتے ہو۔

22۔ اَے خُداوند کی مخلُوقات! سب اُس کو مُبارک کہو۔

تُم جو اُس کے تسلُّط کے سب مقاموں میں ہو۔

اَے میری جان! تُو خُداوند کو مُبارک کہہ۔

آمین!

RELATED ARTICLES