November 21, 2024

اردو

دس کنواریوں کی تمثیل

متی 25 باب 1 سے 13 آیات:

” اُس وقت آسمان کی بادشاہی اُن دس کُنوارِیوں کی مانِند ہوگی جو اپنی مشعلیں لے کر دُلہا کے اِستقبال کو نِکلیں۔ اُن میں پانچ بیوُقُوف اور پانچ عقلمند تھِیں۔ جو بیوُقُوف تھِیں اُنہوں نے اپنی مشعلیں تو لے لِیں مگر تیل اپنے ساتھ نہ لِیا۔ مگر عقلمندوں نے اپنی مشعلوں کے ساتھ اپنی کُپِّیوں میں تیل بھی لے لِیا۔ اور جب دُلہا نے دیر لگائی تو سب اُنگھنے لگِیں اور سو گئِیں۔ آدھی رات کو دھُوم مچی کہ دیکھو دُلہا آگیا! اُس کے اِستقبال کو نِکلو۔ اُس وقت وہ سب کُنوارِیاں اُٹھ کر اپنی اپنی مشعل درُست کرنے لگِیں۔ اور بیوُقُوفوں نے عقلمندوں سے کہا کہ اپنے تیل میں سے کُچھ ہم کو بھی دے دو کِیُونکہ ہماری مشعلیں بھُجی جاتی ہیں۔ عقلمندوں نے جواب دِیا کہ شاید ہمارے تُمہارے دونوں کے لِئے کافی نہ ہو۔ بہُتر یہ ہے کہ بیچنے والوں کے پاس جا کر اپنے واسطے مول لے لو۔ جب وہ مول لینے جارہیں تھِیں تو دُلہا آ پہُنچا۔ اور جو تیّارتھِیں وہ اُس کے ساتھ شادِی کے جشن میں اَندر چلی گئِیں اور دروازہ بند ہوگیا۔ پھِر وہ باقی کُنوارِیاں بھی آئِیں اور کہنے لگِیں اَے خُداوند! اَے خُداوند! ہمارے لِئے دروازہ کھول دے۔ اُس نے جواب میں کہا مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں کہ مَیں تُم کو نہِیں جانتا۔ پَس جاگتے رہو کِیُونکہ تُم نہ اُس دِن کو جانتے ہو نہ اُس گھڑی کو”۔

پیارے بہنوں اور بھائیوں ہم سب خُدا کے لوگ بڑی شدد سے یسوع مسیح کے آنے کا انتظار کررہے ہیں۔ کیونکہ یسوع مسیح اپنی کلیسیا اور دلہن کو آسمان پر لے کر چلے جائیں گے۔ مگر یہ تمثیل ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ہم میں سے بعض اُن پانچ سست کنواریوں کی مانند ہیں جن کی کُپیوں میں تیل نہیں ہے کہ وقت پر اپنی مشال کو روشن کر سکیں اور دُلہا کے ساتھ شادی یعنی خُدا کی بادشاہی میں شامل ہو جائیں کیونکہ یسوع مسیح اُنہیں کو اپنے ساتھ لے کر جائیں گے جن کی مشالیں روشن ہونگیں۔ یاد کریں کہ کلام مقدس کہتا ہے کہ تم دُنیا کے نور ہو یعنی ہم مسیحی اِس اندھیری دُنیا میں روشنی کے منار ہیں تاکہ دُنیا کو گناہ اور تاریکی سے بچائیں۔ اور بُرے کام سے دور رہیں بلکہ دوسروں کو بھی بُرے کاموں سے بعض کریں۔

چاہے لوگ آپ کا مزاق ہی کیوں نہ اُڑائیں کہ تم پُرانے خیالات کے لوگ ہو۔ مگر آپ کا فرض ہے کہ آپ اپنی جگہ سے نہ ہٹیں۔ چند ایک کو تو آپ بچا ہی لیں گے مگر اگر آپ دوسروں کو بُرے کاموں سے منع نہ کریں اور اُنہیں ٹھیک کرنے کے لئے جدوجہد نہ کریں تو سمجھیں کہ آپ روشن نہیں ہیں بلکہ اندھیرے میں ہیں۔ اِس طرح آپ یسوع مسیح کی بادشاہی میں داخل نہیں ہو پائیں گے۔ اِس دُنیا کا چال چلن، جنسی گناہ، چوری اور ظلم تاریکی کے کام ہیں۔ اِن سے آپ کو بعض رہنا ہے اور روح القدس کا بپتسمہ پا کر پاکیزگی میں چلنا ہے۔ خُداوند آپ کو برکت دے۔ آمین!

RELATED ARTICLES