1۔ خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
2۔ کون خُداوند کی قُدرت کے کاموں کو بیان کر سکتا ہے
یا اُس کی پُوری سِتایش سُنا سکتا ہے؟
3۔ مُبارک ہیں وہ جو عدل کرتے ہیں
اور وہ جو ہر وقت صداقت کے کام کرتا ہے۔
4۔ اَے خُداوند! اُس کرم سے جو تُو اپنے لوگوں پر کرتا ہے مُجھے یاد کر۔
اپنی نجات مُجھے عِنایت فرما۔
5۔ تاکہ مَیں تیرے برگُزِیدوں کی اِقبال مندی دیکھُوں
اور تیری قَوم کی شادمانی میں شاد رہُوں
اور تیری میِراث کے لوگوں کے ساتھ فخر کرُوں۔
6۔ ہم نے اور ہمارے باپ دادا نے گُناہ کِیا۔
ہم نے بدکاری کی۔ ہم نے شرارت کے کام کِئے۔
7۔ ہمارے باپ دادا مِصؔر میں تیرے عجائِب نہ سمجھے۔
اُنہوں نے تیری شفقت کی کثرت کو یاد نہ کِیا۔
بلکہ سمُندر پر یعنی بحرِقُلزؔم پر باغی ہُوئے۔
8۔ تَو بھی اُس نے اُن کو اپنے نام کی خاطِر بچایا
تاکہ اپنی قُدرت ظاہِر کرے۔
9۔ اُس نے بحرِقُلزؔم کو ڈانٹا اور وہ سُوکھ گیا۔
وہ اُن کو گہراؤ میں سے اَیسے نِکال لے گیا جَیسے بیابان میں سے
10۔ اور اُس نے اُن کو عداوت رکھنے والے کے ہاتھ سے بچایا
اور دُشمن کے ہاتھ سے چُھڑایا۔
11۔ سمُندر نے اُن کے مُخالِفوں کو چُھپا لِیا۔
اُن میں سے ایک بھی نہ بچا۔
12۔ تب اُنہوں نے اُس کے قَول کا یقیِن کِیا
اور اُس کی مدح سرائی کرنے لگے۔
13۔ پِھر وہ جلد اُس کے کاموں کو بُھول گئے
اور اُس کی مشوَرت کا اِنتظار نہ کِیا
14۔ بلکہ بیابان میں بڑی حِرص کی۔
اور صحرا میں خُدا کو آزمایا۔
15۔ سو اُس نے اُن کی مُراد تو پُوری کر دی
پر اُن کی جان کو سُکھا دِیا۔
16۔ اُنہوں نے خَیمہ گاہ میں مُوسؔیٰ پر
اور خُداوند کے مُقدّس مَرد ہارُوؔن پر حسد کِیا۔
17۔ سو زمِین پھٹی اور داتؔن کو نِگل گئی
اور ابِؔیرام کی جماعت کو کھا گئی
18۔ اور اُن کے جتھے میں آگ بھڑک اُٹھی
اور شُعلوں نے شرِیروں کو بھسم کر دِیا۔
19۔ اُنہوں نے حورِبؔ میں ایک بچھڑا بنایا
اور ڈھالی ہُوئی مُورت کو سِجدہ کِیا۔
20۔ یُوں اُنہوں نے خُدا کے جلال کو
گھاس کھانے والے بَیل کی شکل سے بدل دِیا۔
21۔ وہ اپنے مُنّجی خُدا کو بُھول گئے
جِس نے مِصؔر میں بڑے بڑے کام کِئے
22۔ اور حاؔم کی سرزمِین میں عجائِب
اور بحرِقُلزؔم پر دہشت انگیز کام کِئے۔
23۔ اِس لِئے اُس نے فرمایا مَیں اُن کو ہلاک کر ڈالتا
اگر میرا برگُزِیدہ مُوسؔیٰ میرے حضُور بِیچ میں نہ آتا
کہ میرے قہر کو ٹال دے تا نہ ہو کہ مَیں اُن کو
ہلاک کرُوں۔
24۔ اور اُنہوں نے اُس سہانے مُلک کو حقیِر جانا
اور اُس کے قَول کا یقیِن نہ کِیا۔
25۔ بلکہ وہ اپنے ڈیروں میں بُڑبُڑائے
اور خُداوند کی بات نہ مانی۔
26۔ تب اُس نے اُن کے خِلاف قَسم کھائی
کہ مَیں اُن کو بیابان میں پست کرُوں گا۔
27۔ اور اُن کی نسل کو قَوموں کے درمیان گِرا دُوں گا
اور اُن کو مُلک مُلک میں تِتربِتر کرُوں گا۔
28۔ وہ بعؔل فغُور کو پُوجنے لگے
اور بُتوں کی قُربانِیاں کھانے لگے۔
29۔ یُوں اُنہوں نے اپنے اعمال سے اُس کو خشم ناک کِیا
اور وبا اُن میں پُھوٹ نِکلی۔
30۔ تب فِیخاسؔ اُٹھا اور بِیچ میں آیا اور وبا رُک گئی۔
31۔ اور یہ کام اُس کے حق میں پُشت در پُشت
ہمیشہ کے لِئے راست بازی گِنا گیا۔
32۔ اُنہوں نے اُس کو مرِؔیبہ کے چشمہ پر بھی خشم ناک کِیا
اور اُن کی خاطِر مُوسؔیٰ کو نُقصان پُہنچا۔
33۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس کی رُوح سے سرکشی کی
اور مُوسؔیٰ بے سوچے بول اُٹھا۔
34۔ اُنہوں نے اُن قَوموں کو ہلاک نہ کِیا
جَیسا خُداوند نے اُن کو حُکم دِیا تھا
35۔ بلکہ اُن قَوموں کے ساتھ مِل گئے
اور اُن کے سے کام سِیکھ گئے
36۔ اور اُن کے بُتوں کی پرستِش کرنے لگے
جو اُن کے لِئے پھندا بن گئے۔
37۔ بلکہ اُنہوں نے اپنے بیٹے بیٹیوں کو شیاطیِن کے لِئے قُربان کِیا
38۔ اور معصُوموں کا یعنی اپنے بیٹے بیٹِیوں کا خُون بہایا
جِن کو اُنہوں نے کنعاؔن کے بُتوں کے لِئے قُربان کر دِیا
اور مُلک خُون سے ناپاک ہو گیا۔
39۔ یُوں وہ اپنے ہی کاموں سے آلُودہ ہو گئے
اور اپنے فِعلوں سے بے وفا بنے۔
40۔ اِس لِئے خُداوند کا قہر اپنے لوگوں پر بھڑکا
اور اُسے اپنی میِراث سے نفرت ہو گئی
41۔ اور اُس نے اُن کو قَوموں کے قبضہ میں کر دِیا
اور اُن سے عداوت رکھنے والے اُن پر
حُکمران ہو گئے۔
42۔ اُن کے دُشمنوں نے اُن پر ظُلم کِیا
اور وہ اُن کے محکُوم ہو گئے۔
43۔ اُس نے تو بارہا اُن کو چُھڑایا
لیکن اُن کا مشوَرہ باغیانہ ہی رہا
اور وہ اپنی بدکاری کے باعِث پست ہو گئے۔
44۔ تَو بھی جب اُس نے اُن کی فریاد سُنی
تو اُن کے دُکھ پر نظر کی۔
45۔ اور اُس نے اُن کے حق میں اپنے عہد کو یاد کِیا
اور اپنی شفقت کی کثرت کے مُطابِق ترس کھایا۔
46۔ اُس نے اُن کو اسِیر کرنے والوں کے دِل میں
اُن کے لِئے رحم ڈالا۔
47۔ اَے خُداوند! ہمارے خُدا! ہم کو بچا لے
اور ہم کو قَوموں میں سے اِکٹّھا کر لے
تاکہ ہم تیرے قُدُّوس نام کا شُکر کریں
اور للکارتے ہُوئے تیری سِتایش کریں۔
48۔ خُداوند اِسرائیؔل کا خُدا
ازل سے ابد تک مُبارک ہو!
اور ساری قَوم کہے آمِین۔
خُداوند کی حمد کرو۔
آمین!