November 22, 2024

اردو

زبور 36- اِنسان کی بدخصلتی اور خُدا کی شفقت

اِنسان کی بدخصلتی اور خُدا کی شفقت - خُداوند کی عظیم شفقت - Zaboor 36 - زبور 36

شرِیر کی بدی سے میرے دِل میں خیال آتا ہے

کہ خُدا کا خَوف اُس کے پیشِ نظر نہیں۔

کیونکہ وہ اپنے آپ کو اپنی نظر میں اِس خیال سے تسلّی دیتا ہے

کہ اُس کی بدی نہ تو فاش ہوگی نہ مکُروہ سمجھی جائے گی۔

اُس کے مُنہ میں بدی اور فریب کی باتیں ہیں۔

وہ دانِش اور نیکی سے دست بردار ہوگیا ہے۔

وہ اپنے بِستر پر بدی کے منصُوبے باندھتا ہے۔

وہ اَیسی راہ اِختیار کرتا ہے جو اچّھی نہیں۔

وہ بدی سے نفرت نہیں کرتا۔

اَے خُداوند! آسمان میں تیری شفقت ہے۔

تیری وفاداری افلاک تک بُلند ہے۔

تیری صداقت خُدا کے پہاڑوں کی مانِند ہے

تیرے اَحکام نِہایت عمِیق ہیں۔

اَے خُداوند! تُو اِنسان اور حَیوان دونوں کو محفُوظ رکھتا ہے۔

اَے خُدا! تیری شفقت کیا ہی بیش قِیمت ہے۔

بنی آدم تیرے بازُوؤں کے سایہ میں پناہ لیتے ہیں۔

وہ تیرے گھر کی نِعمتوں سے خُوب آسُودہ ہوں گے۔

تُو اُن کو اپنی خُوشنُودی کے دریا میں سے پِلائے گا۔

کیونکہ زِندگی کا چشمہ تیرے پاس ہے۔

تیرے نُور کی بدولت ہم رَوشنی دیکھیں گے۔

10۔ تیرے پہچاننے والوں پر تیری شفقت دائِمی ہو

اور راست دِلوں پر تیری صداقت۔

11۔ مغرُور آدمی مُجھ پر لات نہ اُٹھانے پائے

اور شرِیر کا ہاتھ مُجھے ہانک نہ دے۔

12۔ بدکردار وہاں گِرے پڑے ہیں۔

وہ گِرا دِئے گئے ہیں اور پِھر اُٹھ نہ سکیں گے۔

آمین!

RELATED ARTICLES