1۔ مُصِیبت کے دِن خُداوند تیری سُنے۔
یعؔقُوب کے خُدا کا نام تُجھے بُلندی پر قائِم کرے!
2۔ وہ مَقدِس سے تیرے لِئے کُمک بھیجے
اور صِیُّوؔن سے تُجھے تقوِیت بخشے!
3۔ وہ تیرے سب ہدیوں کو یاد رکھّے
اور تیری سوختنی قُربانی کو قبُول کرے! (سِلاہ)
4۔ وہ تیرے دِل کی آرزُو بر لائے
اور تیری سب مشوَرت پُوری کرے!
5۔ ہم تیری نجات پر شادیانہ بجائیں گے
اور اپنے خُدا کے نام پر جھنڈے کھڑے کریں گے۔
خُداوند تیری تمام درخواستیں پُوری کرے!
6۔ اب مَیں جان گیا کہ خُداوند اپنے ممسُوح کو بچا لیتا ہے۔
وہ اپنے دہنے ہاتھ کی نجات بخش قُوّت سے اپنے مُقدّس آسمان پر سے اُسے جواب دے گا۔
7۔ کِسی کو رتھوں کا اور کِسی کو گھوڑوں کا بھروسا ہے
پر ہم تو خُداوند اپنے خُدا ہی کا نام لیں گے۔
8۔ وہ تو جُھکے اور گِر پڑے
پر ہم اُٹھے اور سیدھے کھڑے ہیں۔
9۔ اَے خُداوند! بچا لے۔
جِس دِن ہم پُکاریں تو بادشاہ ہمیں جواب دے۔
آمین!