December 12, 2024

اردو

زبور 86- مُصیبت کے وقت دیندار کی دُعا

مُصیبت کے وقت دیندار کی دُعا - رب خُداوند بادشاہ - Zaboor 86 - زبور 86

اَے خُداوند! اپنا کان جُھکا اور مُجھے جواب دے۔

کیونکہ مَیں مِسکِین اور مُحتاج ہُوں۔

میری جان کی حِفاظت کر کیونکہ مَیں دِین دار ہُوں۔

اَے میرے خُدا! اپنے بندہ کو جِس کا توکُّل تُجھ پر ہے بچا لے۔

یا رب! مُجھ پر رحم کر

کیونکہ مَیں دِن بھر تُجھ سے فریاد کرتا ہُوں۔

یا رب! اپنے بندہ کی جان کو شاد کر دے

کیونکہ مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔

اِس لِئے کہ تُو یا رب! نیک اور مُعاف کرنے کو تیّار ہے

اور اپنے سب دُعا کرنے والوں پر شفقت میں غنی ہے۔

اَے خُداوند! میری دُعا پر کان لگا۔

اور میری مِنّت کی آواز پر توجُّہ فرما۔

مَیں اپنی مُصِیبت کے دِن تُجھ سے دُعا کرُوں گا۔

کیونکہ تُو مُجھے جواب دے گا۔

یا رب! مَعبُودوں میں تُجھ سا کوئی نہیں

اور تیری صنعتیں بے مِثال ہیں۔

یا رب! سب قَومیں جِن کو تُو نے بنایا آ کر تیرے حضُور سِجدہ کریں گی

اور تیرے نام کی تمجِید کریں گی۔

10۔ کیونکہ تُو بزُرگ ہے اور عجِیب و غرِیب کام کرتا ہے۔

تُو ہی واحِد خُدا ہے۔

11۔ اَے خُداوند! مُجھ کو اپنی راہ کی تعلیِم دے۔

مَیں تیری راستی میں چلُوں گا۔

میرے دِل کو یکسُوئی بخش تاکہ تیرے نام کا خَوف مانُوں۔

12۔ یا رب! میرے خُدا! مَیں پُورے دِل سے تیری تعرِیف کرُوں گا۔

مَیں ابد تک تیرے نام کی تمجِید کرُوں گا۔

13۔ کیونکہ مُجھ پر تیری بڑی شفقت ہے

اور تُو نے میری جان کو پاتال کی تہہ سے نِکالا ہے۔

14۔ اَے خُدا! مغرُور میرے خِلاف اُٹھے ہیں

اور تُند خُو جماعت میری جان کے پِیچھے پڑی ہے

اور اُنہوں نے تُجھے اپنے سامنے نہیں رکھّا۔

15۔ لیکن تُو یا رب! رحِیم و کرِیم خُدا ہے۔

قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت و راستی میں غنی۔

16۔ میری طرف متوجّہ ہو اور مُجھ پر رحم کر۔

اپنے بندہ کو اپنی قُوّت بخش

اور اپنی لَونڈی کے بیٹے کو بچا لے۔

17۔ مُجھے بھلائی کا کوئی نِشان دِکھا۔

تاکہ مُجھ سے عداوت رکھنے والے اِسے دیکھ کر شرمِندہ ہوں۔

کیونکہ تُو نے اَے خُداوند! میری مدد کی اور مُجھے تسلّی دی ہے۔

آمین!

RELATED ARTICLES