July 23, 2024

اردو

اردو

زبور 72- بادشاہ کے لئے دُعا

بادشاہ کے لئے دُعا - صادقوں کی راہ پر چلنا - سؔبا کا سونا - Zaboor 72 - زبور 72

اَے خُدا! بادشاہ کو اپنے اَحکام

اور شاہزادہ کو اپنی صداقت عطا فرما۔

وہ صداقت سے تیرے لوگوں کی

اور اِنصاف سے تیرے غرِیبوں کی عدالت کرے گا۔

اِن لوگوں کے لِئے پہاڑوں سے سلامتی کے

اور پہاڑِیوں سے صداقت کے پَھل پَیدا ہوں گے۔

وہ اِن لوگوں کے غرِیبوں کی عدالت کرے گا۔

وہ مُحتاجوں کی اَولاد کو بچائے گا

اور ظالِم کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر ڈالے گا۔

جب تک سُورج اور چاند قائِم ہیں۔

لوگ نسل در نسل تُجھ سے ڈرتے رہیں گے۔

وہ کٹی ہُوئی گھاس پر مینہ کی مانِند

اور زمِین کو سیراب کرنے والی بارِش کی طرح نازِل ہوگا۔

اُس کے ایّام میں صادِق برومند ہوں گے

اور جب تک چاند قائِم ہے خُوب امن رہے گا۔

8۔ اُس کی سلطنت سمُندر سے سمُندر تک

اور دریایِ فراتؔ سے زمِین کی اِنتہا تک ہوگی۔

بیابان کے رہنے والے اُس کے آگے جُھکیں گے

اور اُس کے دُشمن خاک چاٹیں گے۔

10۔ ترسیِسؔ کے اور جزِیروں کے بادشاہ نذریں گُزرانیں گے۔

سؔبا اور سؔیبا کے بادشاہ ہدئے لائیں گے۔

11۔ بلکہ سب بادشاہ اُس کے سامنے سرنِگُوں ہوں گے۔

کُل قَومیں اُس کی مُطِیع ہوں گی۔

12۔ کیونکہ وہ مُحتاج کو جب وہ فریاد کرے۔

اور غرِیب کو جِس کا کوئی مددگار نہیں چُھڑائے گا۔

13۔ وہ غرِیب اور مُحتاج پر ترس کھائے گا۔

اور مُحتاجوں کی جان کو بچائے گا۔

14۔ وہ فِدیہ دے کر اُن کی جان کو ظُلم اور جبر سے چُھڑائے گا

اور اُن کا خُون اُس کی نظر میں بیش قیِمت ہوگا۔

15۔ وہ جِیتے رہیں گے اور سؔبا کا سونا اُس کو دِیا جائے گا۔

لوگ برابر اُس کے حق میں دُعا کریں گے۔

وہ دِن بھر اُسے دُعا دیں گے۔

16۔ زمِین میں پہاڑوں کی چوٹِیوں پر اناج کی اِفراط ہوگی۔

اُن کا پَھل لُبنؔان کے درختوں کی طرح جُھومے گا

اور شہر والے زمِین کی گھاس کی مانِند ہرے بھرے ہوں گے۔

17۔ اُس کا نام ہمیشہ قائِم رہے گا۔

جب تک سُورج ہے اُس کا نام رہے گا۔

اور لوگ اُس کے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔

سب قَومیں اُسے خُوش نصِیب کہیں گی۔

18۔ خُداوند خُدا اِسرائیؔل کا خُدا مُبارک ہو۔

وُہی عجِیب و غرِیب کام کرتا ہے۔

19۔ اُس کا جلِیل نام ہمیشہ کے لِئے مُبارک ہو

اور ساری زمِین اُس کے جلال سے معمُور ہو۔

آمِین ثُمَّ آمِین!

20۔ داؔؤُد بن یؔسّی کی دُعائیں تمام ہُوئِیں۔

آمین!

RELATED ARTICLES