1۔ اَے زبردست! تُو شرارت پر کیوں فخر کرتا ہے؟
خُدا کی شفقت دائِمی ہے۔
2۔ تیری زُبان محض شرارت اِیجاد کرتی ہے۔
اَے دغاباز! وہ تیز اُسترے کی مانِند ہے۔
3۔ تُو بدی کو نیکی سے زِیادہ پسند کرتا ہے
اور جُھوٹ کو صداقت کی بات سے۔ (سِلاہ)
4۔ اَے دغاباز زُبان!
تُو مُہلِک باتوں کو پسند کرتی ہے۔
5۔ خُدا بھی تُجھے ہمیشہ کے لِئے ہلاک کر ڈالے گا۔
وہ تُجھے پکڑ کر تیرے خَیمہ سے نِکال پھینکے گا
اور زِندوں کی زمِین سے تُجھے اُکھاڑ ڈالے گا۔ (سِلاہ)
6۔ صادِق بھی اِس بات کو دیکھ کر ڈر جائیں گے
اور اُس پر ہنسیں گے
7۔ کہ دیکھو یہ وُہی آدمی ہے جِس نے خُدا کو اپنی پناہ گاہ نہ بنایا
بلکہ اپنے مال کی فراوانی پر بھروسا کِیا
اور شرارت میں پکّا ہو گیا
8۔ لیکن مَیں تو خُدا کے گھر میں زَیتُون کے ہرے درخت کی مانِند ہُوں۔
میرا توکُّل ابدُالآباد خُدا کی شفقت پر ہے۔
9۔ مَیں ہمیشہ تیری شُکرگُزاری کرتا رہُوں گا کیونکہ تُو ہی نے یہ کِیا ہے
اور مُجھے تیرے ہی نام کی آس ہوگی کیونکہ وہ تیرے مُقدّسوں کے نزدِیک خُوب ہے۔
آمین!