1۔ خُدا یہُوؔداہ میں مشہُور ہے۔
اُس کا نام اِسرائیؔل میں بزُرگ ہے۔
2۔ سؔالم میں اُس کا خَیمہ ہے
اور صِیُّوؔن میں اُس کا مسکن۔
3۔ وہاں اُس نے برقِ کمان کو
اور ڈھال اور تلوار اور سامانِ جنگ کو توڑ ڈالا (سِلاہ)۔
4۔ تُو جلالی ہے اور شِکار کے پہاڑوں سے شاندار ہے۔
5۔ مضبُوط دِل لُٹ گئے۔ وہ گہری نِیند میں پڑے ہیں
اور زبردست لوگوں میں سے کِسی کا ہاتھ کام نہ آیا۔
6۔ اَے یعقُوبؔ کے خُدا! تیری جِھڑکی سے
رتھ اور گھوڑے دونوں پر مَوت کی نِیند طاری ہے۔
7۔ فقط تُجھ ہی سے ڈرنا چاہئے
اور تیرے قہر کے وقت کَون تیرے حضُور کھڑا رہ سکتا ہے؟
8۔ تُو نے آسمان پر سے فَیصلہ سُنایا۔
زمِین ڈر کر چُپ ہوگئی۔
9۔ جب خُدا عدالت کرنے کو اُٹھا
تاکہ زمِین کے سب حلِیموں کو بچا لے۔ (سِلاہ)
10۔ بیشک اِنسان کا غضب تیری سِتایش کا باعِث ہوگا
اور تُو غضب کے بقِیّہ سے کمربستہ ہوگا۔
11۔ خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مَنّت مانو اور پُوری کرو
اور سب جو اُس کے گِرد ہیں وہ اُسی کے لِئے جِس سے ڈرنا واجِب ہے ہدئے لائیں۔
12۔ وہ اُمرا کی رُوح کو قبض کرے گا۔
وہ زمِین کے بادشاہوں کے لِئے مُہِیب ہے۔
آمین!